حکومتی اتحادی جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر آج پھر سر جوڑیں گی

 اسلام آباد: پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومتی اتحادی جماعتیں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے آج پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گی۔

گزشتہ روز بھی حکومتی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں ہوا تھا۔ اسی سلسلے میں  آج دوسرے دن بھی اہم اجلاس ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

اجلاس میں اتحادی جماعتوں کی جانب سے ایک قرارداد  اسمبلی میں پیش کرنے کی تجویز شامل ہے۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئینی اور قانونی پہلووں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

حکومت اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے تمام قانونی اور آئینی آپشن کھلے رکھے جائیں گے ۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے لیگل ٹیم سے بھی مشاورت کی تھی، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں آئندہ کی قانونی و آئینی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔