اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ ایک اور مریض انتقال کر گیا جب کہ 15 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 144 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 58 افراد کے نتائج مثبت آئے اور اس کی شرح 1.13 فی صد ریکارڈ ہوئی۔
انتقال کر جانے والے مریض کا تعلق پنجاب سے تھا۔ محکمے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں مجموعی طور پر 534 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 14 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کی شرح 2.62 فی صد رہی۔
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 821 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 15 افراد میں مثبت نتیجہ سامنے آیا اور شرح 1.83 فی صد ریکارڈ ہوئی۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں میں سے 15 کی حالت نازک ہے۔