سگریٹ نوشی ترک کرنے والی حاملہ خواتین کیلئے سکیم متعارف

انگلینڈ: برطانوی حکومت نے سگریٹ نوشی کی بری عادت میں مبتلا حاملہ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے زبردست اسکیم متعارف کرادی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے ملک میں سگریٹ نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کے لیے ’ویپنگ پالیسی‘ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے لوگوں کی سگریٹ نوشی ترک کرنے کیلیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

حکومت نے اس پالیسی میں بالخصوص ایسی حاملہ خواتین کے لیے بھی اعلان کیا جو سگریٹ نوشی کی بری عادت میں مبتلا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق پہلے مرحلے میں انگلینڈ میں ہوگا۔

پالیسی کے تحت جو حاملہ خواتین سگریٹ نوشی کی عادت کو ترک کریں گی انہیں حکومت کی جانب سے 400 پاؤنڈز دیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین جو سگریٹ نوشی ترک کریں گی اُن کے لیے حکومت جلد ہی ایک خاص پیکج کا اعلان بھی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ سگریٹ نوشی ویسے تو مضر صحت ہے تاہم ایک عورت اور بالخصوص حاملہ خاتون کی سگریٹ نوشی کی عادت سے پوری نسل متاثر ہوسکتی ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کی شرح کو کم کرنے کے لیے برطانوی حکومت لاکھوں پاؤنڈ خرچ کرنے پر بھی آمادہ ہے۔