کرائے دار کا مالک مکان سے انوکھا انتقام!

کرائے دار اور مالک مکان میں تنازع ہونا عام بات ہے لیکن جنوبی کوریا میں چینی کرائے دار نے تنازع پر اپنے مالک مکان سے انوکھا انتقام لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے جنوبی کوریا میں قیام کے دوران ایک گھر عارضی طور پر کرائے پر لیا تاہم ایک تنازع پر کرائے دار جوڑے نے مالک مکان سے انوکھا انتقام لیتے ہوئے گھر کا تمام پانی، بجلی اور گیس ضائع کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق چینی جوڑا کچھ دنوں کے لیے جنوبی کوریا کے شہر سیئول گیا جہاں اسے عارضی رہائش کے لیے کرائے پر ایک گھر درکار تھا۔ جوڑے نے ایئربی این بی (رہائشی افراد کی جانب سے مکان کا ایک گوشہ چند دنوں کرائے پر دینے کی آن لائن عالمی تنظیم اور ویب سائٹ) کے تحت ایک کمرہ بک کرایا تھا اور ساڑھے تین ہفتے کی پیشگی رقم بھی ادا کر دی تھی۔

تاہم جب جوڑے کو معلوم ہوا کہ کرائے پر حاصل کردہ گھر سیئول شہر کے بجائے بہت دور واقع ہے جس پر اس نے اسے منسوخ کرنے کی درخواست کی تاہم متعلقہ ادارے کی جانب سے اسے منسوخ کرنے سے انکار کر دیا گیا۔

اس صورتحال میں چینی جوڑے نے بھی جیسے کو تیسا کے مترادف بدلہ لینے کی ٹھانی اور شہر میں گھر فراہم کرنے کے وعدے سے مُکرنے کا بدلہ پانی، بجلی اور گیس ضائع کرکے لیا ہے جو اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ بھی ہے۔

کرائے داروں نے پہلے گھر کے اندر سیکیورٹی کیمرے نہ ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد انہوں نے ساری روشنیاں استعمال کیں، برقی آلات چلائے رکھے، دن رات گیس جلائی اور نلکے کھول کر پانی ضائع کرتے رہے یہاں تک کہ 120,000 لیٹر پانی ضائع کردیا۔ انہوں نے رہائش 25 دن کے لیے لی تھی لیکن صرف 5 یہاں رہے۔

چینی جوڑا تو رخصت ہوگیا مگر اگلے ماہ اداروں کی جانب سے بجلی، پانی اور گیس کے جو بل آئے اس نے مالک مکان کے ہوش اڑا دیے کیونکہ کرائے دار جوڑے نے پانچ دن میں 116 ڈالر کا پانی استعمال کیا، 730 ڈالر گیس کا بل آیا اور 728 ڈالر بجلی اور دیگر اخراجات کی صورت میں سامنےا ٓئے۔ اس طرح کل کرائے سے زیادہ نقصان ان بلوں کی ادائیگی میں چلا گیا۔

جب مالک مکان نے اس ضمن میں ایئربی این بی ویب سائٹ کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کسی قسم کے تعاون سے انکار کردیا۔