پولینڈ کا خوبصورت گاؤں جہاں 6000 افراد ایک ہی سڑک پر رہتے ہیں

پولینڈ: پولینڈ کے ایک بہت خوبصورت گاؤں کی انوکھی خاصیت یہ ہے کہ اس کی آبادی 6000 ہے اور تمام افراد ایک ہی سڑک پر رہتے ہیں۔

اس گاؤں کا نام سولوزووا ہے جو اولکسکا اپ لینڈ میں واقع ہے تاہم اس کا محلِ وقوع غیرمعمولی طور پر انوکھا ہے۔ اگرچہ یہ دیہات ایک عرصے سے قائم ہے لیکن اب حال ہی میں اس کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہورہی ہیں۔

یہاں سانپ کی طرح بل کھاتی سڑک کےدونوں جانب دور دور تک بچ رنگی سبزہ اور زرعی زمینیں نمایاں ہیں۔ سڑک کی لمبائی 9 کلومیٹر ہے۔ سال 2017 کی مردم شماری کے تھت یہاں 5800 سے زائد لوگ بستے ہیں اور سارے گھر سڑک کے دونوں کناروں پر موجود ہیں۔

ڈرون سے بنائی گئی ویڈیو اور تصاویر سب سے پہلے 2021 میں منظرِ عام پر آنا شروع ہوئی جس سے ظاہر ہوا کہ یہ گاؤں مکمل طور پر ایک سڑک پر مشتمل ہے اور ساری آبادی ایک قطار کی صورت میں بنے گھروں میں بستی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یورپ کے کچھ علاقوں میں سڑک پر مشتمل گاؤں دیہات مل سکتے ہیں لیکن پولینڈ کا یہ علاقہ غیرمعمولی طور پر طویل اور حیرت انگیز ہے۔