گرمی میں رنگ کالا ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

کیا آپ کو بھی ایسا لگتا ہے کہ گرمی میں آپ کی رنگت ماند پڑجاتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو گھبرانے کے بجائے اپنی اسکن کیئر روٹین میں تھوڑی  تبدیلی لائیں اور اپنی کھلتی ہوئی رنگت کو تپتی دھوپ اور چلچلاتی گرمی میں بھی تروتازہ رکھیں۔

موسم گرما میں جلد کی حفاظت کے حوالے سے وہ کون سی تبدیلیاں ہیں جو آپ نے کرنی ہیں آئیے اب اس پر بات کرتے ہیں ؟

جس طرح موسم گرما میں آپ جسم کیلئے زیادہ بھاری کپڑوں کے بجائے ہلکے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہیں بالکل اسی طرح چہرے کی جلد بھی آپ سے کچھ ہلکا ہی چاہتی ہے۔ گرم موسم میں نان کامڈوجینک ( چہرے کے مساموں اور دانوں کیلئے مفید ) اسکن کیئر پراڈکٹس کا انتخاب کریں۔

 ڈرماٹولوجسٹ کے مطابق گرمیوں میں میک اپ پراڈکٹس کا استعمال کم کردیں فاؤنڈیشن ، کنسیلر حتیٰ کہ بلش آن کا استعمال بھی خاص تقریبات تک محدود کردیں۔سن اسکرین کا لازمی استعمال

زیادہ تر خواتین ایس پی ایف 30 یا اس سے زائد سن اسکرین پر مشتمل موئسچرائزر کا استعمال کرتی ہیں لیکن یہ انتخاب موسم گرما کیلئے مناسب نہیں ، موسم گرما میں بالخصوص جب آپ باہر جارہے ہوں ہاتھوں،  پیروں حتیٰ کہ گردن پر بھی سن اسکرین کی اچھی خاصی مقدار لگائیں یہ انتخاب آپ کی جلد کو سورج کی مضر شعاعوں سےبچائے گا۔

جلد کی صفائی

ایک گرم دن گزارنے کے بعد چہرے کی صفائی خاصی اہمیت رکھتی ہے لہٰذا چہرہ دھوتے وقت انگلی کی مدد سے کلینزر  کی تھوڑی سی مقدار چہرے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے کلینزنگ کریں اس کے بعد ہلکے  گرم پانی کی مدد سے چہرہ دھوکر تولیے سے صاف کرلیں ۔

طبی ماہرین گرم موسم میں دو بار لازمی چہرہ دھونے کا مشورہ دیتے ہیں۔

جلد کو ایکسفولیٹ کریں 

ایکسفولیشن کا عمل موسم گرما میں اسکن کیئر روٹین میں شامل کرلینے کیلئے بہترین انتخاب ہے اس سے چہرے کے مردہ خلیات سے نمٹنے اور جلد کو نرم وملائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

نہانے کے بعد ٹونر ، موئسچرائزر یا لوشن کے بعد ایکسفولیٹ کا عمل جلد کو نرم وملائم رکھنے میں مدد دے گا۔

زیادہ سے زیادہ پانی پئیں

زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال نہ صرف آپ کے جسم کو  بلکہ آپ کی جلد کو بھی خوبصورت رکھنے کا اہم طریقہ ہے،یہ سوچنے کے بجائے آپ کو دن میں کتنے گلاس پانی پینا چاہیے پیشاپ کی رنگت سے ہائیڈریشن کا اندازہ لگائیں اگر آپ کے پیشاپ کا رنگ  گہرا پیلا ہے تو اس کا مطلب آپ کو زیادہ سے زیادہ  پانی پینے کی ضرورت ہے لیکن اگر آپ کے پیشاپ کی رنگت کم پیلی ہے تو آپ  ڈی ہائیدریشن کا شکار نہیں۔