49 ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت مختص کرنے کی منظوری

اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نیاقتصادی رابطہ کمیٹی نے انچاس ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت مختص کرنے کی منظوری دے دی۔

 قدرتی آفات کے دوران ہنگامی ریلیف کی فراہمی کیلئے بارہ ارب روپے کی گرانٹ منظور جبکہ سانحہ سوات کے شہدا کیلئے چار کروڑ پچانوے لاکھ اور حیدرآباد سکھر موٹروے کے لیے نو ارب سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں وزارت مواصلات کی سمری پر حیدرآباد سکھر موٹروے کی بلٹ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفرکی بنیادپرتعمیر کے ضمن میں حکومت پاکستان کی 9500 ملین روپے کے ضمانت کے اجرا کی منظوری دی گئی۔

این ڈی ایم اے کی سمری پرای سی سی نے کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے ریلیف آئٹم کے سٹاک کی خریداری کیلئے 12 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی 49 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کی فکسیشن کے حوالہ سے سمری پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔شرکاکوبتایاگیا کہ ان ادویات کی قیمتیں پڑوسی ممالک کے مقابلہ میں کم ہے اوران میں سے زیادہ ترادویات پہلی بارمتعارف کرائی جارہی ہے، ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ کیلئے وزارت ہوا بازی کیلئے 839.12 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 120.450 ملین روپے، مختلف ذرائع سے حاصل خدمات کی مد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 14 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 175 روپے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ وزارت انسانی حقوق کیلئے 116.49 ملین روپے، وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 70 کروڑ روپے، پشاور کے علاقہ شاکس میں فاٹا لیویز سنٹر کے قیام کیلئے 48 ملین روپے، یو این امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے سول آرمڈ فورسز کو ادائیگیوں کیلئے وزارت داخلہ کو 470.82 ملین روپے کی منظور دی گئی۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے علاقہ مچنی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے تربیتی کیمپ کے قیام کی مد میں 66.336 ملین روپے، وزارت داخلہ کیلئے 347.99 ملین روپے، سوات میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 49.5 ملین روپے، جامشورو کول فائرڈ پاور پراجیکٹ کیلئے 9 ہزار 145 ملین روپے، وزارت پارلیمانی امور کیلئے 48.429 ملین روپے اور نیکٹا کیلئے 110.653 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔