قومی نشریاتی ادارے کااہم سنگ میل

پاکستان میں ٹیلی وژن کی نشریات کا آغاز 26 نومبر1964میں ہوا تھا۔ لاہور میں نجی شعبے کی شراکت سے پہلا ٹیلی وژن سٹیشن قائم کیا گیا۔اس وقت کے صدر جنرل ایوب خان نے پہلی بار پاکستان میں ٹیلی وژن نشریات کا افتتاح کیا۔اسی سال دسمبر میں مشرقی پاکستان کے صدر مقام ڈھاکہ میں بھی پاکستان ٹیلی وژن کی نشریات کا آغاز ہوا‘1965میں اسلام آباد اوراگلے سال کراچی میں پی ٹی وی سینٹر سے نشریات شروع ہوئیں۔1971میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے ٹیلی وژن کومکمل طور پر سرکاری تحویل میں لے لیا‘1974میں پشاور اور کوئٹہ میں بھی پی ٹی وی کے دفاتر قائم کئے گئے‘1980سے 2000تک کا دور پاکستان ٹیلی وژن کی تاریخ کا سنہرا دور قرار دیا جاتا ہے۔اس دوران پی ٹی وی سے جو ڈرامے نشر ہوئے ان ڈراموں نے پورے برصغیر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ ان شہرہ آفاق ڈراموں میں خدا کی بستی، ان کہی، تنہائیاں، آنگن ٹیڑھا، ففٹی ففٹی، انکل عرفی، سٹوڈیو ڈھائی، اندھیرا اُجالا، وارث، سونا چاندی، الفا براو چارلی، بندھن، کاغذ کے پھول، بنت آدم، کچھ لمحے، خواہشوں کےسراب، دھوان اور کٹھ پتلی شامل ہیں۔کہا جاتا ہے کہ شام آٹھ بجے جب پی ٹی وی کے ڈرامے شروع ہوتے تھے تو ممبئی اور دہلی کی سڑکیں سنسان ہوتی تھیں۔پاکستان ٹیلی وژن کا ہاکی،سکواش اور کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے میں بھی بڑا ہاتھ رہا ہے۔ قومی اقدار کو فروغ دینے، قوم میں حب الوطنی کا جذبہ پیداکرنے اور ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی پی ٹی وی نے صف اول کا کردار ادا کیاہے۔قومی زبان اردو، علاقائی زبانوں پنجابی، سندھی،بلوچی، پشتو ،سرائیکی اور ہندکو زبان کو فروغ دینے میں بھی پاکستان ٹیلی وژن نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔23جولائی 2023کوپاکستان ٹیلی وژن نے ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔ پی ٹی وی پشاور سینٹر سے صوبے کی تیسری بڑی زبان کہوار میں خبریں نشر کرنے کا آغاز ہوا۔ اپر و لوئر چترال، ہنزہ، غذر، کالام اور وسطی ایشیا کے مختلف علاقوں میں بولی جانے والی کہوار زبان تقریبا ًبیس لاکھ کی آبادی کی مادری زبان ہے۔ اس زبان کے اپنے حروف تہجی میں سینکڑوں کتابیں لکھی گئی ہیں جن میں شعری اور نثری تصنیفات، سفر نامے، تاریخی کتابیں اور درسی کتب بھی شامل ہیں۔نامور قاری بزرگ شاہ الازہری نے کہوار زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ اور تفسیر بھی شائع کیا ہے۔ پاکستان ٹیلی وژن سے ابتدائی مرحلے میں کہوار نیوز راﺅنڈ اپ ہفتہ وار بنیادوں پر نشر ہوتا ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی پشاور سینٹر سے روزانہ کی بنیاد پر کہوار خبریں نشر ہوا کریں گی‘چترال کے ادبی، سیاسی، ثقافتی حلقوں، صحافیوں، اساتذہ اور تاجر برادری سمیت مختلف طبقات ہائے زندگی نے کہوار خبروں کےلئے کوششیں کرنے پر پی ٹی وی پشاور کے جنرل منیجر، شعبہ خبر ، شعبہ پروڈکشن کی تعریف کی ہے اور کہوار نیوز راﺅنڈ اپ شروع کرنے کے فیصلے پر وفاقی حکومت کے فیصلے کو بھی سراہا ہے‘ایک طرح سے دیکھا جائے تو ایک قومی ادارے کی حیثیت سے یہ پی ٹی وی کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ ملی یگانگت کو فروغ دینے کیلئے اسی طرح کے اقدامات کرے‘ توقع ہے کہ دیگر علاقائی زبانوںکی طرح کہوار زبان و ثقافت کو ترقی دینے میں بھی پی ٹی وی اہم کردار ادا کرے گا‘ ساتھ ہی صوبے میں بولی جانے والی دیگر زبانوں اور معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں کے احیامیں بھی پی ٹی وی ضرور اپنا کردار ادا کرے گا۔