جوبائیڈن 80 سال کی عمر کے باوجود اگلے سال الیکشن کیوں لڑینگے؟

امریکا کے صدر جوبائیڈن 80 سال کی عمر کے باوجود اگلے سال صدارتی الیکشن میں پھر قسمت آزمائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی تاریخ کے معمر ترین صدر جوبائیڈن عام طور پر اپنی عمر سے متعلق بات کرتے ہوئے گریز کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے خود ایک تقریب کے دوران اس سے متعلق گفتگو کی۔

نیویارک میں ایک فنڈ ریزر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اپنی عمر پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں لیکن دوبارہ انتخاب لڑ رہا ہوں کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ میرے تجربے نے یوکرین اور کورونا جیسے بحرانوں سے نمٹنے میں مدد کی۔ بہت سے لوگ میری عمر پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں، میں سمجھتا ہوں اور مجھ پر یقین کریں، میں دیگر لوگوں سے زیادہ جانتا ہوں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا کہ میں صدارتی الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں کیونکہ 2024ء میں جمہوریت داؤ پر لگی ہوئی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی جماعت کے لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔