آنتوں کے کینسر سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک یا ساگ زیادہ کھانے سے ایسا ممکن ہو سکتا ہے۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
امپرئیل کالج لندن کے اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن بی 9 یا فولیٹ سے بھرپور غذا کا استعمال آنتوں کے کینسر کا خطرہ کم کرتا ہے۔
یہ وٹامن سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک، ساگ یا بروکولی میں بہت زیادہ مقدار میں ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 70 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ فولیٹ کے زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں آنتوں کے کینسر کی متعدد اقسام کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وٹامن کے زیادہ استعمال سے آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 7 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین کے مطابق نتائج سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ فولیٹ آنتوں کے کینسر سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر ثابت ہوتا ہے اور غذا کے ذریعے اس کا حصول بہت آسان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وٹامن بی 9 کے فوائد اس تحقیق میں ثابت ہوئے ہیں اور یہ بھی دریافت ہوا کہ فولیٹ کس حد تک کینسر کے خطرے پر اثر انداز ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ آنتوں کے کینسر کی متعدد اقسام ہیں اور مجموعی طور پر یہ دنیا بھر میں اس مرض کی تیسری سب سے عام قسم ہے، صرف برطانیہ میں ہی ہر سال 45 ہزار افراد میں اس کی تشخیص ہوتی ہے۔
سبز پتوں والی سبزیوں سے ہٹ کر فولیٹ کا حصول دالوں، بیجوں، مالٹوں اور چنوں سے بھی ممکن ہے۔
فولیٹ اور فولک ایسڈ خون کے سرخ خلیات بنانے میں بھی مدد فراہم کرنے والے اجزا ہیں۔
ماہرین کے مطابق تحقیق میں فولیٹ سے کینسر سے ملنے والے تحفظ پر روشنی ڈالی گئی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس وٹامن سے بھرپور غذاؤں کا استعمال ضروری ہے۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔