بائیو مکینکس سہولیات کیلئے پی سی بی کا انگلینڈ کی یونیورسٹی کیساتھ معاہدہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ کی لفبرا یونیورسٹی کے درمیان لاہور میں معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ جس کے تحت کھلاڑیوں کو لفبرا یونیورسٹی میں بائیو مکینکس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور لفبرا یونیورسٹی کے حکام شریک ہوئے۔

معاہدے کے مطابق لفبرا یونیورسٹی کھلاڑیوں کو بائیو مکینکل سہولیات، انجریز سے صحتیاب ہونے اور پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام میں تعاون کرے گی۔ اور کوچنگ ایجوکیشن کورسز بھی کروائے جائیں گے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے معاہدے کو پاکستان کرکٹ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اس معاہدے کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔