اہم امور پر طائرانہ نظر


 حال ہی میں چھپنے والی ایک خبر میں دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی جو فہرست شائع ہوئی ہے اس میں تعجب  کی کوئی بات نہیں‘ظاہر ہے اس فہرست میں امریکہ کو سر فہرست ہی ہونا تھا‘ چین اور روس کے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آ نے پر بھی کسی کو حیرت نہیں ہوئی‘ دیگر ممالک  کی طاقت کے لحاظ سے جو ریٹنگrating ہوئی ہے‘وہ بھی درست نظر آ تی ہے آج سائنس اور ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور جن ممالک نے اس فیلڈ کی طرف توجہ دی ہے وہ آج عسکری اور ایٹمی لحاظ سے بہت  مضبوط ممالک بن چکے ہیں‘کاش کہ مسلم ممالک نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے اس شعر کو اپنا شعار بنایا ہوتا۔
میں تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہے‘شمشیر و سناں اول طاوس و رباب آخر 
اس جملہ معترضہ کے بعد تازہ ترین قومی اور عالمی معاملات کا ایک ہلکاجائزہ لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ پشاور ریلوے کا سیاحوں کے لئے اٹک
 سفاری ٹرین کا اہتمام ایک اچھی پیش رفت ہے‘اس سے  صوبے میں سیاحت کا فروغ ہو گا۔ عالمی منڈی میں جب کبھی بھی تیل کی قیمتوں میں کمی ہو تو اس کا ریلیف وطن عزیز میں عام آ دمی کو ضرور ملنا چاہیے کیونکہ جب بھی اس کی عالمی  قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں پٹرول کی قیمت کو بڑھا دیا جاتا  ہے۔ ایک عرصے سے ملکہ کوہسار کوہ مری کا قدرتی حسن جا بجا غیر قانونی تجاوزات کے ہاتھوں پامال ہو رہا تھا‘ مال روڈ  کسی زمانے میں سیاحوں کی واکنگ کے واسطے ایک مثالی تفریح  گاہ ہوا کرتاتھا‘مال روڈ   پر واقع معروف ریسٹورینٹ SAM'S میں لالی ووڈ کے معروف اداکار اور اداکارائیں بھی اس کی چائے اور پیسٹریوں سے محظوظ ہوا کرتے تھے۔مال روڈ پرہی دو سینما ہاؤس بھی ہوا کرتے تھے‘  اب یہ سب کچھ قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ مال روڈ پر سے  غیر قانونی تجاوزات ہٹانے اور اس کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے واسطے اگلے روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوہ مری میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جو فیصلے کئے وہ قابل ستائش ہیں ان پر فوری عمل درآمد کرانے کے واسطے سخت مانیٹرنگ کی البتہ ضرورت ہو گی‘تب ہی یہ فیصلے ثمر آورہو سکتے ہیں۔