اسلام آباد: حکومت کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں، موٹرسائیکل اور الیکٹرک رکشا کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق ملک بھر میں بیٹری چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار کرلیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق چارجنگ اسٹیشنز کو سستی بجلی فراہم کرنے پر غور ہو رہا ہے، چارجنگ اسٹیشنز کا قیام عالمی معیارات کے مطابق عمل میں لایا جائےگا، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مسودہ جلد پاور ڈویژن سے منظورکرایا جائےگا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق چارجنگ اسٹیشن کے لیے بجلی کے کنکشنز ترجیجی بنیاد پر دیے جائیں گے، چارجنگ اسٹیشنز کو سستی بجلی کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے، چارجنگ اسٹیشن کے لیے بجلی کی سپلائی اور وولٹیج کو یقینی بنایا جائے گا۔
اویس لغاری کا کہنا ہےکہ اقدامات سے پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہوگی، ان اقدامات کے نفاذ سے پاکستان میں ایک نئے دورکا آغاز ہوگا۔