موسم بدلتے ہی کھانسی اور گلے میں خراش سمیت سوزش کی شکایت بڑھ جاتی ہے جس کا شکار ہر عمر کے افراد ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں موسم تبدیل ہورہا ہے اور گرمی سے سردی کی جانب کروٹ لے رہا ہے، ایسے میں پولن الرجیز بھی سر اٹھا لیتی ہیں جس کے سبب خشک کھانسی، بخار اور گلے میں سوزش کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔
تاہم اس کیلئے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، گھریلو ٹوٹکوں سے باآسانی ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔
شہد اور لیموں
کھانسی سے نجات کیلئے شہد اور لیموں دونوں ہی بہترین ہیں کیونکہ شہد میں قدرتی طور پر بیکٹیریا سے لڑنے کی خصوصیت ہوتی ہے جو حلق کو سکون فراہم کرتی ہے جبکہ لیموں میں موجود وٹامن سی آپ کی قوت مدافعت کو مضبوط بنا کر بیماریوں سے بچاتا ہے۔
ادرک کی چائے
ادرک سوزش سے لڑنے اور اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے، جو کھانسی اور نزلہ زکام کے لیے بہترین علاج ہے، یہ گلےکو صاف کرنے اور پرسکون رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ہلدی والا دودھ
ہلدی ایک طاقتور اینٹی سوزش اور اینٹی مائکروبیل ایجنٹ ہے جو قوت مدافعت کو بڑھانے اور انفیکشن سے لڑنے میں مدد کر سکتی ہے، ہلدی میں موجود curcumin کو صحت کیلئے مفید سمجھا جاتا ہے۔
بھاپ کا استعمال
آگر آپ کی ناک بند ہے یا سینہ جکڑا ہوا ہے تو ڈاکٹرز بھی بھاپ لینے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ اس سے بند ناک کے کھلنے اور سینے میں جمی بلغم کو نکالنے میں مدد ملتی ہے۔
نمکین پانی کے غرارے
نمکین پانی کے غرارے گلے کی خراش کو دور کرنے اور کھانسی کو کم کرنے کیلئے ایک مؤثر طریقہ سمجھا جاتا ہے، نمک سوزش کو کم کرنے اور بیکٹیریا کو مارنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔