مہنگائی سے پریشان عوام کے لئے خوشی کی خبر سامنے آچکی ہے، عالمی مارکیٹ میں دالوں کے قیمتیں کم ہونے سے ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
چئیرمین ہول سیل گروسز ایسوسی ایشن عبدالروف ابراہیم کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100 ڈالر فی ٹن سے زائد کمی ہوئی ہے، 860 ڈالر فی ٹن کی قیمت کم ہوکر 750 ڈالر فی ٹن سے بھی نیچے اگئی ہے، ستمبر سے اب تک کالا چنے کی قیمت میں 50 روپے کلو کی کمی اگئی ہے، رواں ماہ اور اگلے ماہ دالوں کے چھ جہاز لگ رہے ہیں جس کے بعد قیمت کے 250 روپے تک گرنے کے قوی امکان ہیں۔
چئیرمین ہول سیل گروسز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بھارت اورسری لنکا کی عالمی مارکیٹ سے خریداری بند کرنے کی وجہ سے عالمی بازار میں ریٹ کم ہوئے ہیں ، ریجن میں پاکستان واحد ملک ہے جو دالوں کی خریداری کر رہا ہے،کمشنر کراچی ریٹیل کی سطح پر دالوں کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عام صارف کو پہنچائیں۔
عبدالروف ابراہیم نے مقامی امپورٹرز سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بازار کم ہونے سے مقامی امپورٹرز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ، 400 روپے فی کلو چنے کی دال 360 روپے ،جبکہ اگلے مہینے تک 300 روپے تک دستیاب ہوگئی ، ماش کی دال 500 روپے کلو سے کم ہوکر 425 روپے فی کلو میں دستیاب ہے ، کابلی چنا اول نمبر 400 روپے سے کم ہوکر 355 روپے کلو ہوگیا ہے، کابلی چنا چھوٹا 320 روپے سے کم ہوکر 295 روپے کلو ہوگیا ہے ۔