اسلام آباد: جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم کے لیے 31 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کی پولیو کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ یہ گرانٹ 2025 کی پولیو مہمات میں استعمال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان اس حوالے سے ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، جس سے حاصل شدہ گرانٹ سے 2 کروڑ سے زائد پولیو ویکسین خریدی جائیں گی۔
عائشہ رضا فاروق نے جاپان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کے ساتھ پاکستان پولیو کے خلاف اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کے کیسز کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم برقرار ہے۔
یاد رہے کہ اس سال پاکستان میں اب تک 59 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے ہیں۔ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی تک پولیو کا خاتمہ مکمل نہیں ہو سکا۔
اس وقت ملک میں پولیو کے کیسز میں اضافے کے باعث حکومت پاکستان اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر 2025 کے لیے ایک وسیع اور مؤثر ایکشن پلان پر عمل درآمد کی تیاری کر رہی ہے، جس کا مقصد بچوں میں اس مہلک بیماری کا خاتمہ ہے۔
انسداد پولیو مہم کا ہدف 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ بچے ہیں۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں 16 دسمبر سے پولیو مہم کا آغاز ہوگا، جس کا مقصد 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانا ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں یہ مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی، جبکہ باقی 33 اضلاع میں یہ 20 دسمبر تک چلائی جائے گی۔