سر کٹنے کے بعد 18 ماہ تک زندہ رہنے والا انوکھا مرغا

70 سال قبل امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جب ایک مرغا سر کٹنے کے باوجود 18 ماہ تک زندہ رہا۔ لوئیڈ اولسن نامی کسان اپنی مرغیوں کو ذبح کر رہا تھا کہ ایک مرغا سر کٹنے کے بعد بھی زندہ رہا اور بھاگتا پھرتا رہا۔

اولسن نے اس مرغے کو ’مائیک‘ کا نام دیا اور اسے سرکس میں لے جاکر دنیا بھر میں مشہور کردیا، جس سے اولسن کو خوب شہرت اور پیسہ ملا۔

مائیک کو خوراک اور پانی ڈراپر کے ذریعے غذا کی نالی میں پہنچایا جاتا تھا، جبکہ اس کے حلق کی صفائی بھی سرنج سے کی جاتی۔ ایک رات صفائی کا انتظام نہ ہونے کے باعث مائیک دم گھٹنے سے مر گیا۔

ماہرین کے مطابق مائیک کے سر کٹنے کے باوجود اس کا 80 فیصد دماغ محفوظ رہا، جس سے اس کا جسمانی نظام چلتا رہا۔ یہ واقعہ آج بھی دنیا بھر میں سائنس اور معجزے کے درمیان حیرت کا باعث ہے۔