ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، دو دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دو خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آج (جمعہ) کو سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے سکندر شمالی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔

اس سے قبل بھی جمعرات کو جنڈولہ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا، جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فروری کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں 156 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی تھیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ قوم کا عزم ہے کہ خوارج کو شکست دے کر امن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔