محسن نقوی کے استعفے پر پی سی بی کا ردعمل جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین محسن نقوی کے استعفے کی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، لیکن کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

محسن نقوی حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جس کے بعد مختلف کھیلوں کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر یہ باتیں ہونے لگیں کہ ان کی مصروفیات کی وجہ سے وہ پی سی بی چیئرمین کے عہدے سے الگ ہو سکتے ہیں۔

سابق پاکستانی کرکٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پر چیئرمین سے استعفیٰ دینے کی درخواست کی تھی اور کہا کہ اگر ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہیں آتی تو بہتر ہوگا کہ چیئرمین اپنا عہدہ چھوڑ دیں تاکہ کرکٹ بورڈ کی ساکھ مزید متاثر نہ ہو۔