محمد رضوان پی ایس ایل کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان قرار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو لیگ کے تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اب تک 42 میچز میں ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 میچز میں کامیابی حاصل کی، جس کے ساتھ ان کا جیت کا تناسب 68.5 فیصد بنتا ہے — جو کہ پی ایس ایل میں کسی بھی کپتان سے سب سے زیادہ ہے۔

رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے 2021 کا ٹائٹل جیتا جبکہ اگلے تین سال یعنی 2022، 2023 اور 2024 میں ٹیم رنرز اپ رہی۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2024 کا پی ایس ایل شاداب خان کی کپتانی میں جیتا، جنہوں نے 55 میچز میں ٹیم کی قیادت کی ہے۔

پی ایس ایل کے ٹاپ تین کامیاب کپتانوں میں شاداب خان (62.3٪)، سرفراز احمد (58.1٪) اور بابر اعظم (54.7٪) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔