پالتو کتوں کے ملبوسات پر ساڑھے 7 کروڑ روپے خرچ کرنے والی خاتون کی کہانی

چین کی شنگھائی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون، جس کی آن لائن یوزر آئی ڈی @yikemochi ہے، نے اپنے پالتو کتوں کے لیے ملبوسات اور مختلف ایکسیسریز پر 20 لاکھ یوآن (ساڑھے 7 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کر دیے ہیں۔ اس نے اپنے کتوں کیلئے ایک خصوصی وارڈروب بھی تیار کروا رکھا ہے جس میں ہزاروں ملبوسات، ہیئر کلپس، سن گلاسز، پلکیں اور ننھے ہینڈ بیگز شامل ہیں۔

خاتون کے پاس 3 کتے ہیں: ایک 6 سالہ موچی، 5 سالہ ملکی، اور 3 سالہ پیگی۔ بیان کے مطابق، موچی اور ملکی ہیئر کلپس استعمال کرتے ہیں جبکہ پیگی ایسا نہیں کرتی۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنے کتوں کی متاثر کن وارڈروب اور زیورات کے اسٹینڈ کو دکھایا، جہاں ان کتوں کے پاس 4 سے 5 ہزار یوآن مالیت کی جیکٹیں، 3 ہزار یوآن کے جمپر، اسکرٹس اور ڈزنی تھیم پر مبنی ملبوسات موجود ہیں۔

خاتون بتاتی ہیں کہ وہ اکثر ملبوسات کی خریداری کے لیے جنوبی کوریا اور جاپان جاتی ہیں، اور کچھ اشیاء اٹلی سے آن لائن منگوائی ہیں۔ ان کے کتے باغات، شاپنگ سینٹروں اور دیگر عوامی مقامات پر ماڈلنگ کرتے ہیں اور ہمیشہ کیمرے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ تاہم، خاتون نے اس بات کا اقرار نہیں کیا کہ ان کی آمدنی کا ذریعہ کیا ہے۔