پاک بھارت فضائی جھڑپ دنیا کیلئے جنگی صلاحیتوں کا اندازہ لگانےکا بہترین موقع بن گئی

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی جھڑپ نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ لڑائی نہ صرف دونوں ممالک کی فضائی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ تھی بلکہ جدید ہتھیاروں اور پائلٹس کی مہارت کے جائزے کا نایاب موقع بھی بنی۔
6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہونے والی اس جھڑپ میں چینی ساختہ پاکستانی جے-10 اور فرانسیسی رافیل بھارتی طیارے مدمقابل آئے۔ ذرائع کے مطابق یہ حالیہ برسوں کی سب سے طویل اور بڑی فضائی لڑائی تھی جس میں دونوں جانب سے مجموعی طور پر 125 سے زائد طیارے شامل تھے، جبکہ حملے اپنی فضائی حدود کے اندر رہ کر کیے گئے۔
لڑائی کے دوران بعض میزائل 160 کلومیٹر دور سے داغے گئے۔ ترجمان پاک فوج نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایک پاکستانی جے-10 طیارے نے دو بھارتی جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ کو دنیا بھر کی افواج باریک بینی سے تجزیہ کریں گی تاکہ مستقبل کی جنگوں کے لیے بہتر حکمت عملی اور فضائی برتری حاصل کی جا سکے۔
امریکا، چین اور یورپی ممالک اس لڑائی میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں، ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اپنے دفاعی نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔