وادی کیلاش کے دلکش نظارے، ثقافتی رنگ، اور روایتی لباس میں ملبوس خوش اخلاق لوگ ایک بار پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بننے جا رہے ہیں، کیونکہ سالانہ چیلم جوشٹ فیسٹیول کا شاندار آغاز 14 مئی 2025 سے ہو رہا ہے۔
انتظامات مکمل، سیاحوں کی آمد شروع
چترال کی ضلعی انتظامیہ اور کیلاش ویلیز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے وادی کیلاش میں بمبوریت، بیریر، اور رامپور جیسے علاقوں میں فیسٹیول کی کامیابی کے لیے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ملک بھر سے سیاح وادی کی طرف رخ کر رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی مہمان بھی اس ثقافتی شاہکار کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
امن، ثقافت، اور خوشی کا تہوار
چیلم جوشٹ نہ صرف کیلاش کمیونٹی کی مذہبی اور ثقافتی رسومات کی جھلک پیش کرتا ہے، بلکہ یہ امن، ہم آہنگی، اور خوشی کا پیغام بھی دیتا ہے۔ آخری دن کیلاشی مرد و خواتین اپنی روایتی پوشاک میں بمبوریت وادی میں جمع ہو کر رقص و موسیقی کی محفلیں سجاتے ہیں، جو دیکھنے والوں کے دل موہ لیتی ہیں۔
سیاحت کو فروغ دینے کا ذریعہ
خیبر پختونخواہ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق، اس سال چیلم جوشٹ میں ریکارڈ تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی شرکت متوقع ہے، جس سے علاقے کی معیشت اور سیاحتی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملے گا۔