سربراہ جمعیت علمائے اسلام ( ف ) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مودی بھارت میں غیرمقبول ہوچکا ہے، اس کی ہندوتوا کارڈ استعمال کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، مستعفی ہوجانا چاہیے، پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں اشتراک ہوسکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا واقعہ ہونے کے دس منٹ کے اندر اندر ملبہ پاکستان پر ڈال دیا، اور پھر ہمارے دینی مراکز پر راکٹ برسا دیے، جس کے نتیجے میں ہمارے عام شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے، اور پھر ہمارے ایئربیسز پر حملے کردیے، اور پورے خطے میں تناؤ پیدا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے یہ اس لیے کیا کیونکہ وہ بھارت میں غیرمقبول ہوچکا ہے، اس نے ہندو کارڈ استعمال کرکے ووٹ تو لیے مگر اس کی مقبولیت میں کمی آئی اور ماضی کی طرح ووٹ نہیں ملے، پھر کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں وہاں کے عوام نے بھی مودی کو مسترد کردیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی نے ہندوتوا کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کی مگر بھارت میں اپوزیشن، مسلمان اور سکھوں نے اس کا ساتھ نہیں دیا، اور اس کی یہ کوشش ناکام ہوگئی، دوسری جانب پاکستان میں عوام ملکی دفاع کے لیے فوج کے ساتھ کھڑے ہوگئے اور یک صف ہوگئے جس کے نتیجے میں ہماری افواج نے بھارت کو جنگ میں بری طرح شکست دی۔