اسلام آباد میں ہونے والی سماعت کے دوران عوام کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے کہ اگلے مالی سال میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا امکان ہے۔
تخمینے کے مطابق پاور پرچیز پرائس میں 78 پیسے سے 2 روپے 25 پیسے فی یونٹ تک کمی ممکن ہے، جس سے 140 سے 400 ارب روپے تک کا ریلیف صارفین کو مل سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ نئے مالی سال کے دوران بجلی کی طلب میں 2.8 سے 5 فیصد اضافہ متوقع ہے، جبکہ فیول لاگت میں ممکنہ اضافہ قیمتوں پر اثر ڈال سکتا ہے۔
نیپرا نے وزارت توانائی سے بجلی کی طلب بڑھنے کے حوالے سے سوالات بھی کیے جن کے جواب میں بتایا گیا کہ اپریل میں 28 فیصد اضافے کے شواہد موجود ہیں۔
توانائی حکام کے مطابق سستی بجلی سے انڈسٹری کا گرڈ پر آنا شروع ہو چکا ہے، اور اگر ٹیرف نیچے رہے تو طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔