شان مسعود کی کپتانی خطرے میں، تبدیلی کا امکان

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ قیادت میں تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کپتان شان مسعود کو مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے جبکہ نائب کپتان سعود شکیل کو ذمہ داری سونپے جانے پر غور جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کرے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ تقریباً طے پا چکا ہے۔
یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں مصباح الحق کو ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم پی سی بی نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔
شان مسعود کو نومبر 2023 میں ٹیسٹ کپتان مقرر کیا گیا تھا، لیکن ان کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہ رہی۔ پاکستان نے ان کے دورِ قیادت میں 12 میں سے صرف 3 ٹیسٹ میچ جیتے جبکہ 9 میں شکست ہوئی، اور ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نویں پوزیشن پر رہی۔
شان کی غیر مؤثر حکمت عملی اور مسلسل ناکامیوں نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو قیادت میں تبدیلی پر مجبور کردیا ہے۔