قومی اسمبلی : انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 سمیت متعدد اہم بلز منظور

قومی اسمبلی نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ بل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایوان میں پیش کیا، جب کہ اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی۔ اجلاس کے دوران متعدد دیگر اہم قانون سازی بھی کی گئی۔

قومی اسمبلی نے تحویل ملزمان ترمیمی بل 2025 اور پاکستان شہریت بل 2024 کو بھی منظوری دے دی۔ دونوں بل وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پیش کیے۔ پاکستان شہریت بل کے تحت شہریت ایکٹ کی سیکشن 14A اور سیکشن 4 میں ترامیم کی گئی ہیں۔

اجلاس کے دوران ایف بی آئی ایس ای ترمیمی بل 2024 بھی ایوان سے منظور کیا گیا۔ بل فرح ناز اکبر نے پیش کیا، جب کہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے شق 3، 4 اور 6 میں ترامیم تجویز کیں جو منظور کر لی گئیں۔

حکومت کی جانب سے سپلیمنٹری ایجنڈا بھی ایوان میں پیش کیا گیا، جس کے تحت ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025 علی موسیٰ گیلانی نے پیش کیا، جسے منظور کر لیا گیا۔

ایوان نے قومی اسمبلی رول 288 میں ترمیم بھی کثرت رائے سے منظور کی۔

مزید برآں پیپلز پارٹی کی شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کیا گیا چائلڈ میرج پر پابندی سے متعلق بل بھی قومی اسمبلی سے منظور ہوگیا۔