صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کی شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد، اہل خانہ سے ملاقات

صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے شہید کی بہادری، عزم اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ہیرو کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی راولپنڈی میں شہید کے گھر کا دورہ کیا، اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر نے کہا کہ بھارتی سورماؤں کو پاک افواج نے جس انداز میں شکست دی، اس پر پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

قومی قیادت کی جانب سے شہید کو خراج تحسین اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت اس عزم کا اظہار ہے کہ وطن کے دفاع پر قربان ہونے والے سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، زخمیوں کی عیادت

وزیراعظم شہباز شریف نے آج سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ معرکہ حق کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ ان کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے، بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم نے جس دلیری اور اتحاد کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دشمن کے خلاف اس تاریخی جدوجہد میں عوام نے جس استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔