پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات، روایتی گاڑیوں پر لیوی کی تجویز

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ای وی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر پانچ سالہ لیوی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بجٹ میں معاشی ترقی (جی ڈی پی) کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کرنے اور مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بجٹ تجاویز پر آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات جاری ہیں، اور جلد انہیں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اگر یہ تجویز منظور ہو کر اگلے مالی سال سے لاگو ہو جاتی ہے، تو اس سے سالانہ 25 سے 30 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پانچ سال میں 125 سے 150 ارب روپے تک کا ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔

یہ لیوی تمام درآمدی اور مقامی تیار شدہ پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں پر لگائی جائے گی، اور اس سے حاصل شدہ رقم نئی پانچ سالہ الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026-30 پر خرچ کی جائے گی۔