پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے کارکنان کو پیغام دیا ہے کہ وہ قربانی کے لیے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے ایٹم بم سے نہیں، انصاف اور اخلاقیات کے خاتمے سے تباہ ہوتے ہیں۔
زرتاج گل نے الزام عائد کیا کہ خان صاحب کو دبانے کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بے گناہ قید میں رکھا گیا ہے اور انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حتیٰ کہ سیل پر تالے لگے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والا سلوک ناانصافی کی انتہا ہے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ان کی اہلیہ کو کوئی اذیت نہیں دی گئی تھی، لیکن یہاں ہر حد پار کی جا چکی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ عید سے پہلے بشریٰ بی بی کو رہا کیا جائے اور دیگر خواتین رہنماؤں کو بھی انصاف دیا جائے، بشمول یاسمین راشد، صنم جاوید اور سینیٹر مشتاق کی اہلیہ۔