ایران اسرائیل جنگ کے دوران ایرانی میزائل حملوں سے تنگ اسرائیلی شہری سمندری راستے سے ملک چھوڑنے لگے ہیں۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق، فضائی حدود بند ہونے اور پروازیں معطل ہونے کے بعد شہریوں نے کشتیوں کے ذریعے قبرص جانے کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔
ہرزلیا کے مرینا بندرگاہ اب ایک عارضی ایئرپورٹ کی شکل اختیار کر چکی ہے، جہاں لوگ صبح 7 بجے سے اپنی مخصوص یاٹ تلاش کرنے پہنچ جاتے ہیں تاکہ وہ اسرائیل سے نکل سکیں۔
فیس بک پر قائم گروپس میں سیکڑوں افراد سمندری راستے سے فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جبکہ نجی یاٹ مالکان 10 مسافروں پر مشتمل گروپس کی روانگی کا بندوبست کر رہے ہیں۔
مسافروں میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل میں مقیم نہیں اور صرف واپس اپنے گھروں کو جا رہے ہیں، جبکہ کچھ نے دبے لفظوں میں اعتراف کیا کہ وہ ایرانی میزائل حملوں کے خوف سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔