ادب اور تصوف کے بے بدل عالم،نامور محقق اور مدون پروفیسر ڈاکٹر پرویز مھجور خویشگی کا تعزیتی ریفرنس اتوار 18 اکتوبر2020 کو ان کے آبائی گاؤں خویشگی(نوشہرہ) میں منعقد ہوا

  ادب اور تصوف کے بے بدل عالم,نامور محقق اور مدون پروفیسر ڈاکٹر پرویز مھجور خویشگی کا تعزیتی ریفرنس اتوار 18 اکتوبر2020 کو ان کے آبائی گاؤں خویشگی(نوشہرہ) میں ڈاکٹر عبداللہ جان عابد خویشگی کے حجرہ "ادب کور" میں منعقد ہوا جس کی صدارت پشتو کے نامور انقلابی شاعر محترم رحمت شاہ سائل نے کی۔ ریفرنس کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ "پاکستانی زبانیں و ادب" کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ جان عابد,سیدالامین احسن,ڈاکٹر فقیر محمد فقیر,ڈاکٹر شجاعت علی خان اور خویشگی کے ادبی ساتھیوں نے کیا تھا۔ نامور شاعر و دانشور سابقہ صوبائی وزیر اطلاعات,ثقافت و کھیل جناب عبدالسبحان خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے,جبکہ محترم ایاز مندوخیل,جناب نورالبشر نوید,پروفیسر اسیر مینگل, جناب نورالامین یوسفزئی,فیض الوہاب فیض,حق نواز تورخیل,پروفیسر ڈاکٹر یار محمد معموم,محترم شوکت حیات خان,محترم فرہاد محمد غالب ترین,سندھی زبان کے دانشور حاکم علی, اور بلوچی زبان کے دانشور ضیاءاللہ بلوچ مہمانان اعزاز کی حیثیت سے تقریب میں شریک تھے۔ تقریب کی نظامت قلم کار جناب اقبال حسین افکار نے سنبھالی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز محترم سید رسول ملنگ نے اللہ کے پاک کلام سے کیا۔ میزبان کی حیثیت سے ڈاکٹر عبداللہ جان عابد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب میں شمولیت پر ان کا شکریہ اداء کیا۔ مقررین کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر پرویز مھجور کی زندگی,اور فکروفن پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور ان کے گراں قدر علمی و ادبی کام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ تصوف کے حوالے سے ڈاکٹر پرویز مھجور کا تحقیقی کام ایک گراں قدر اثاثہ اور انتہائی قابل ستائش ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر پرویز مھجور کی انتقال سے بلاشبہ ہمارا ادبی کاروان نہ صرف یہ کہ ایک ادیب,شاعر ,محقق,مصنف,مدون بلکہ ایک بہترین استاد سے محروم ہوگئی۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر صاحب کے تحقیقی کام سے استفادہ حاصل کریں۔ان کا کہنا تھا کہ آج ڈاکٹر پرویز مھجور ہم میں نہیں ہیں لیکن ان کی ادبی جدوجہد ان کے قلم سے لکھے گئے ہر لفظ میں ہمارے لئے مشعل راہ رہےگی۔ ڈاکٹر پرویز مھجور کے خاندان کی طرف سے محترم بہرہ مند(سیکرٹری پبلک ہیلتھ خیبر پختونخوا) اور ڈاکٹر پرویز مھجور کے فرزند انس پرویز خویشگی نے شرکاء کا شکریہ اداء کیا۔ آخر میں مرحوم کے درجات کی بلندی کےلئے فاتحہ خوانی و دعاۓ معفرت کے ساتھ تقریب اختتام پزیر ہوئی۔ (وہاج خان خویشگی)