دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا پی ایس ایل 6میں فاتحانہ آغاز، کوئٹہ کو شکست

کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ کلیڈی ایٹرز کو 7وکٹ سے شکست دیدی 

دفاعی چیمپئن نے کوئٹہ کا دیا گیا 122رنز کا ہدف 13.5اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔جوئے کلارک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 46رنز سکور کئے اور صرف 23بالوں کا سامنا کیا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا ہے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن حریف کپتان عماد وسیم کا شکار بن گئے۔ گلیڈٰی ایٹرز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب بطور اوپنر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان سرفراز احمد صرف 7 رنز بنانے کے بعد عامر یامین کی گیند پر پویلین لوٹے۔


کرس گیل نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے صائم ایوب جدوجہد سے بھری اننگز کھیلنے کے بعد 14 گیندوں پر 8 رنز بناکر وقاص مقصود کو وکٹ دے بیٹھے۔ 

کرس گیل نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جس کے بعد ڈینیئل کرسچن نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابھی سنبھلی بھی نہ تھی کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں نواز رن آؤٹ ہوکر چلتے بنے۔

اعظم خان 17 رنز بناکر مڈوکٹ فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے،بین کٹنگ بھی مشکل میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور ارشد اقبال نے 11 رنز بنانیوالے بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلائی۔

محمد عامر نے عثمان شنواری کو نشانہ بنا کر میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی جبکہ حسنین بھی زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہے۔

قیس احمد آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے،کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال 3 وکٹیں لے کر کامیاب ترین باؤلر رہے جبکہ وقاص مقصود نے دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل خان صرف 4رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد آنیوالے بلے باز جوئے کلارک نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 23بالوں میں 46رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 3چھکے اور 6چوکے لگائے۔

وہ 46کے سکور پر عثمان شینواری کی گیند پر اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔

87رنز کے مجموعی سکور پر کپتان بابر اعظم بھی 24رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا شاندار کیچ لیا۔

اس کے بعد کولن انگرام اور محمد نبی نے ٹیم کو آسانی کے ساتھ ہدف تک پہنچا دیا، محمد نبی نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 14بالوں میں 30رنز سکور کئے۔