رمیز راجہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست مسترد ہونے پر  برہم ہوگئے

 

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم اور سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی سے متعلق درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سابق کرکٹر رمیز راجہ نے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

 ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’میں کچھ کام کر رہا تھا اچانک مجھے خبر ملی کہ ہائیکورٹ نے سینیٹ الیکشن میں ہونے والے فراڈ اور پیسوں کی لین دین سے متعلق فیصلے میں کہا ہے کہ پیسے لینے اور دینے والے لوگ برے ہیں اور یہ اخلاقیات کا معاملہ ہے،ہم اس پر فیصلہ نہیں دے سکتے۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملک کے انصاف کے ادارے اخلاقیات پر فیصلہ نہیں دیں گے تو پھر کون دے گا؟۔

 ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہمارا معاشرہ مہذب نہیں رہا،یہاں خاندانی،باکردار اور دیانتدار رہنماؤں کی کوئی بات نہیں کرتا،یہ معاشرہ چوروں کو تحفظ دیتا ہے۔ 

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کی یہ ہی سب سے بڑی خرابی ہے،اگر ملک کے بڑے ادارے اخلاقیات پر فیصلہ نہیں دے سکتے تو کیا اوپر سے فرشتے اخلاقیات پر فیصلہ کرنے کے لیے آئیں گے؟۔