حکومت اور پی ٹی آئی میں رابطے بحال، صدر مملکت کی اسحاق ڈار سے ملاقات 

 اسلام آباد:حکومت اور تحریک انصاف میں ایک بار پھر رابطے بحال ہو گئے ہیں اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صدر عارف علوی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایک اور ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ 

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے صدر سے حکومتی معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف پروگرام پر حمایت مانگی ہے جبکہ تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں واپس آنے کی بھی تجویز دی ہے۔دوسری طرف عمران خان مسلسل قبل ازوقت انتخابات کی تاریخ مانگ رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ قبل از وقت انتخابات کے معاملے پر حکومت اور تحریک انصاف میں پس پردہ رابطے بحال ہوگئے ہیں،گزشتہ روز بھی صدر عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی ہے یہ ملاقات بغیر کسی تیسرے فریق کے ہورہی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی معاشی صورت حال،قبل از وقت انتخابات اور تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کی تجاویز پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے بھی رابطہ کیا ہے اور صدر عارف علوی سے ہونے والی تین ملاقاتوں اور رابطوں بارے تفصیلی آگاہ کردیا تاہم نواز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کوصدر عارف علوی سے ہونے والی ملاقاتوں پر تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لینے اور مشاورت کے بعد جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔