زلفی بخاری نے مبینہ آڈیو پر اپنا ردعمل دیدیا

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) زلفی بخاری کا بشریٰ بی بی اور اپنی مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔ 

اپنی ٹوئٹ  میں زلفی بخاری نے کہا کہ ’پہلے کہا جا رہا تھا کہ عمر ظہور نامی کسی شخص کو فرح گجر کے ذریعے گھڑیاں بیچی گئیں، انہیں لیگل نوٹس بھیجا تو اب نئی کہانی سامنے آگئی ہے کہ گھڑی میرے ذریعے بیچی گئی۔‘

زلفی بخاری نے کہا کہ وہ وضاحت سے کہتے ہیں کہ کوئی گھڑی نہ انہوں نے لی نہ بیچی،  اس طرح کی cut-copy-paste آڈیو  تو کالج کے بچے بھی بنا لیتے ہیں،  فوری اس کا فرانزک کرایا جائے ، میں اس کے پیسے اپنی جیب سے دینے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی زلفی بخاری کو بتا رہی ہیں کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں انھوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں تاکہ آپ ان کو کہیں بیچ دیں۔

بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کیوں کہ وہ ان کے استعمال کی نہیں ہیں اس لیے وہ چاہ رہے ہیں کہ آپ انھیں کہیں (فروخت) کر دیں۔ جس کے جواب میں زلفی بخاری کہتے ہیں ضرور مرشد میں کردوں گا۔