اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ایک دو رو زمیں کرلینگے، عمران خان 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے حوالے سے ایک دو روز میں فیصلہ کرلیں گے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سربراہ مسلم لیگ ضیا اعجاز الحق کی ملاقات ہوئی۔

 اس دوران اعجاز الحق نے عمران خان کو اسمبلیوں کے حوالے سے فوری فیصلے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک زیادہ دیر سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، آپ پارٹی چیئرمین ہیں جو بھی فیصلہ کرنا جلدی کریں۔

اس کے جواب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات ہی تمام بحرانوں کا حل ہیں، ہم اسمبلیاں توڑنے کیلئے تیار ہیں تاکہ نئے انتخابات ہوں، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور ایک دو روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔

قبل ازیں زمان پارک لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں پارٹی کا پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے عمران خان نے واضح کیا کہ اسمبلیوں کو توڑنا طے ہے اور یہ دسمبر میں ہی تحلیل ہوں گی کیوں کہ ملک کو وہاں پہنچا دیا گیا جہاں سے فوری الیکشن ہی ریسکیو کر سکے گا۔