اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں الیکشن یا پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ ماننے کو تیار ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ (ن)لیگ کے سینئر رہنما چوہدری شجاعت سے رابطے میں ہیں۔
چوہدری شجاعت کی جانب سے ٹھوس بات سامنے آنے پر ن لیگ آگے بات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری برادران کے رابطے بحال ہوگئے، سیاسی معاملے پر بات نہیں ہوئی۔
(ن)لیگی ذرائع نے کہا کہ پرویز الہٰی کی جانب سے کوئی ڈبل گیم نہیں چاہتے، پرویز الہٰی کو واضح طور پر سامنے آنا ہوگا۔رانا ثناء اللہ کے مطابق چوہدری شجاعت ہمارے اتحادی ہیں، ان سے بات چیت ہوتی ہے، ہم ماضی کی طرح ڈبل گیم نہیں چاہتے۔
ذرائع کے مطابق (ن)لیگ پنجاب کے اجلاس میں متوقع امیدواروں کی لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈویڑن کے صدور کو لسٹیں تیار کرنے کا کہا گیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پاکستان آنے پر لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کیا جائے گا، پنجاب اسمبلی ٹوٹنے کی صورت میں نواز شریف سے فوری آنے کی درخواست کی جائے گی۔