وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد میں جھوٹ کی سیاست کرنے کے بجائے سیاسی قائدین کو ملنے والی دھمکیوں اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ دیں۔
عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کو قتل کی دھمکیوں پر اپنی ٹوئٹ میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کو دھمکی کی شدید مذمت اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت دھمکی کو سنجیدگی سے لے اور ان کی سکیورٹی کو یقینی بنائے، عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہیں ملنے والی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایمل ولی خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی سیکیورٹی یقین بنانے کیلئے تمام وفاقی و صوبائی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہیں، اس سلسلے میں پہلے بھی توجہ دلا چکے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ اسلام آباد میں جھوٹ کی سیاست کرنے کے بجائے سیاسی قائدین کو ملنے والی دھمکیوں اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ دیں، وفاقی حکومت ایمل ولی خان کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔