صوبائی حکومت دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے پر عزم ہے، بیرسٹر محمد علی سیف 

پشاور:معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے پر عزم ہے، مسلح گروپوں سے بات چیت کے ذریعے معاملات درست کرنے کی سعی بھی کی تاہم حکومت امن دشمن قوتوں سے نمٹنے کے لیے کوئی کمزوری نہیں دکھا رہی۔

 قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا بھرپور کردار کر رہے ہیں اور اس حوالے سے پولیس اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کر رہے ہیں۔

 اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ سوات میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا تو لوگوں نے احتجاج کیا،صوبائی حکومت نے لوگوں کے مطالبے کی حمایت کی اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے بروقت کاروائی کی جس سے صورتحال نارمل ہوگئی، اب صوبے کے جنوبی اضلاع میں واقعات ہو رہے ہیں جس کے تدارک کے لیے ادارے سرگرم عمل ہیں،پولیس اور فورسز کے افسر اور جوان امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔

 بیرسٹر سیف نے دہشت گردی کے واقعات کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والوں اور ان واقعات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے والوں کے رویئے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کا ایسا رویہ نامناسب اور ملکی و عوامی مفاد کے منافی ہے، حالات کاتقاضا ہے کہ سب مل کر دہشت گردی کی عفریت کا مقابلہ کریں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی اور معاشی عدم استحکام اس امر کا تقاضا کرتے ہیں کہ فوری طور پر عوام کے پاس جایا جائے اور فریش عوامی مینڈیٹ کے ساتھ عوام کی نمائندہ اور مستحکم حکومت قائم ہو جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں توڑ دی جائیں گی جس کے بعد ملک کو انتخابی عمل کی جانب بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔