صوبے کا حق نہ ملا تو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہاکہ ہم کسی صورت بھی صوبے کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اگر ہمیں، ہمار ا حق نہیں دیا گیا تو اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی کے سامنے دھر نا دیں گے اور ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ تک بھی جائیں گے۔


وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت پشاور کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے ٹھو س حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔

 اُنہوں نے کہاکہ پشاور اپ لفٹ پروگرام کے فیز ٹو کے تحت آج تین اہم منصوبوں پر کام کا باضابطہ اجراء کیا گیا ہے جن کی تکمیل سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بہترین سفری اور تفریحی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

 میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ عمران خان پارٹی کے چیئرمین ہیں وہ جوبھی فیصلہ کریں گے، ہم اُس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

 اُنہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ وفاقی حکمران لکیر کے فقیر ہیں، اُن کے پاس قومی فلاح و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں۔ وہ اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے موجودہ وفاقی حکومت کے خیبرپختونخوا کے ساتھ غیر جمہوری رویے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ امپورٹڈ حکومت صوبے کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔

 خیبرپختونخوا توانائی کا پیداواری صوبہ ہے اور پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبے کے اربوں روپے وفاق کے ذمہ واجب الادا ہیں۔

 وفاقی حکومت نے ضم اضلاع کے ترقیاتی فنڈز بھی روک رکھے ہیں اور ہمارے فنڈز اپنے ایم این ایز کو دے رہی ہے۔ یہ پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ ہونے کی بجائے اُن کے جیبوں میں جائے گا۔

 وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ اس وقت وفاقی حکومت کے ذمہ 189 ارب روپے بقایا ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم کسی صورت بھی صوبے کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اگر ہمیں، ہمار ا حق نہیں دیا گیا تو اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی کے سامنے دھر نا دیں گے اور ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ تک بھی جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے حقوق روک کر مالی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ہم اُسے اُس کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے بے شمار مسائل کے باوجود عوام کی فلاح و ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ عوام کے پی ٹی آئی پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اگلی حکومت تین چوتھائی اکثریت کے ساتھ بنائے گی اور مخالفین کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔