رحیم یار خان میں 12افراد پرسرار بیماری سے ہلاک

 رحیم یار خان:رحیم یار خان کے قریب گاؤں میں لغاری قبیلے کے 12 افراد پراسرار بیماری سے ہلاک ہوگئے، ڈاکٹرز کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ بیماری دماغ کی سوزش ہو سکتی ہے۔

یہ واقعہ رحیم یار خان سے 50 کلومیٹر دور تاج پور پیروالا میں لغاری بستی میں پیش آیا۔دوسری جانب، متاثرین کے رشتے دار کمال خان لغاری نے بتایا کہ پہلی بار لغاری قبیلے میں نامعلوم بیماری تقریباً 14 دن پہلے رپورٹ ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ 9 سالہ سلمیٰ بی بی اور 10 سالہ عمیرہ کو ہلکا بخار ہو گیا تھا، بعدازاں شدید درد اور پیسنے کے ساتھ بخار میں اضافہ ہو گیا تھا۔کمال خان لغاری نے کہا کہ مریضوں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں 2 دن بعد ان کا انتقال ہو گیا۔

انہوں نے کہاکہ اس کے چند دن بعد اسی قبیلے کے مزید 10 افراد کو انہی علامات کی وجہ سے بھلوال وکٹوریا ہسپتال، شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال (ایس زی ایم سی ایچ) اور الخالد ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔جن میں 7سالہ محمد آصف اور دیگر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔