خیبر پختونخوا کیلئے یوکرین سے 60 ہزار میٹرک ٹن گندم کراچی بندر گاہ پہنچ گئی

پشاور:خیبر پختونخوا کیلئے یوکرین سے 60 ہزار میٹرک ٹن گندم کراچی بندر گاہ پہنچ گئی ہے ٗ جو آئندہ چند روز میں پشاور پہنچے گی۔

 محکمہ خوراک نے پاسکو کے ساتھ سالانہ 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کا معاہدہ کر رکھا ہے ٗ جس میں صوبائی حکومت کو 6لاکھ 70ہزار میٹرک ٹن گندم مل چکی ہے۔

 محکمہ خوراک کے غلہ گوداموں میں 100کلو گندم کی 14لاکھ بوریاں موجود ہیں جو آئندہ 27دنوں کیلئے کافی ہیں۔

 راشننگ کنٹرولر جمشید آفریدی کے مطابق صوبے میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہے ٗ جو فلور ملز یا ڈیلرز پنجاب سے گندم یا آٹا براہ راست خریدتے ہیں انہیں پنجاب کی حدود میں قائم چیک پوسٹوں پر مسائل ہیں۔

خیبر پختونخوا کو پنجاب کا 20کلو آٹے کا تھیلا اس وقت 2200روپے میں پڑ رہا ہے اس میں ٹرانسپورٹ اور دیگر کرایے ڈال بھی دیئے جائیں تو تھیلا 2500روپے میں فروخت کیا جانا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوکرین کی گندم جس کا آٹا سرخ رنگ کا بنتا ہے صحت کیلئے انتہائی مفید ہے ٗ محکمہ خوراک نے گندم کا لیبارٹری ٹیسٹ کرایا ہے جس میں صحت افزا وٹامنز شامل ہیں سرکاری آٹے کے حوالے سے صرف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔