مبینہ یورینیم پیکج سے متعلق رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں، دفترخارجہ

 اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ برطانوی ایئرپورٹ پر ضبط کیے گئے مبینہ یورینیم پیکج کے حوالے سے رپورٹس حقائق پرمبنی نہیں ہیں۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پکڑے گئے مبینہ یورینیم پیکج کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں اس سلسلے میں کوئی بھی معلومات ہمارے ساتھ باضابطہ طور پر شیئر نہیں کی گئیں، ہمیں یقین ہے کہ رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔

خبرایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے قبضے میں لیے گئے یورینیم پیکج سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا تھا 29 دسمبر کو معمول کی تلاشی کے دوران سرحدی ایجنٹوں کو یہ پیکج ملا تھا۔

یہ خبر سب سے پہلے رپورٹ کرنے والے برطانوی اخبار دی سن کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ پیکج پاکستان سے روانہ ہوا تھا اور عمان سے آنے والی پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر تشویش اس وقت پیدا ہوئی جب جدید اسکینرز نے ایک دھات پر یورینیم کا پتا لگایا تاہم اس شپمنٹ کی منزل کیا تھی، یہ فی الحال واضح نہیں ہے اور نہ ہی اب تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار کیا گیا۔