چقندر کے حیران کن فوائد

چقندر سردیوں کی خاص سوغات ہے جسے کھانے سے آپ غذائیت کے ساتھ ساتھ حرارت بھی حاصل کرتے ہیں۔ یہ لال سبزی دیکھنے میں جتنی دلکش ہے کھانے میں بھی اتنی ہی لذیز اور طبی فوائد سے مالا مال ہے، چقندر کو ہم مختلف طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں، اس کا سلاد بھی بنایا جاتا ہے اور اسے ابال کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کا جوس بھی بنایا جاتا ہے۔

صاف اور نکھرا چہرہ

چقندر کا جوس چہر ے کے داغوں اور چھائیوں کو دورکرتا ہے۔ ایک چقندرکاٹ کر پانی میں ابال لیں۔ پھریہ پانی روئی پر لگا کر داغوں پر اچھی طرح لگائیے اورپانچ سات منٹ بعد منہ دھولیں۔ چند روز تک ایسا کرنے سے دھبے کم ہوجائیں گے۔

خشکی اورسکری

خوبصورت، صحت مند اور لمبے بال ہر لڑکے اور لڑکی کا خواب ہوتے ہیں۔ بالوں کی صحت کیلئے چقندر بہت فائدہ مند ہے۔ اگر آپ سر میں خشکی کی وجہ سے پریشان ہیں توایک عدد چقندر چھلکے سمیت کاٹیں اور اسے پتوں سمیت پانی میں ابال لیں۔ پھراس پانی کو اچھی طرح سر میں ملیں۔ ہفتے میں دوبار یہ عمل کرنے سے خشکی ختم ہوجائے گی۔ چقندر کے پتوں میں فولک ایسڈ کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو سر میں موجود خشکی کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

صحت مند دماغ

چقندر میں موجود نائٹریٹس (nitrates) ہمارے جسم میں جاکر نائٹرک ایسڈ (nitric acid ) بناتے ہیں جو خون کی نالیوں کو کشادہ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہمارے دل و دماغ کو آکسیجن سے بھرپور خون مہیا ہوتا ہے جس سے نہ صرف دماغ تازہ دم رہتا ہے بلکہ ذہنی تناؤ میں بھی کمی آتی ہے۔

ہائی بلڈ پریشر

چقندر کا جوس ہائی بلڈ پریشر، شریانوں کی بندش، دل کی تکالیف اور پھولی ہوئی وریدوں کا اچھا علاج ہے۔ جن لوگوں کو بلڈ پریشر کی شکایت ہو، انہیں چاہئے کہ اس کا جوس خاص طور پر استعمال کریں۔ گاجر اور چقندر کا جوس ملا کر پینا بھی فائدہ مند ہے۔

دل اور ذیابیطس کے مریضوں کیلئے مفید

دل اور ذیابیطس کے مریضوں کے لئے چقندر کسی نعمت سے کم نہیں کیونکہ یہ نہ صرف فائبر سے بھرپور ہے بلکہ اس میں گلائی کولک ایسڈ (glycolic acid) کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ یوںاس میں موجود فائبر جسم کے زائد گلوکوز اور کولیسٹرول کو جسم سے خارج کر کے دل اور ذیابیطس کے مریضوں کے لئے آسانی کاباعث بنتا ہے۔

خون بنانے میں مددگار

اس میں موجود اجزاء فولک ایسڈ اور وٹامن سی خون بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس لئے خون کی کمی کے شکار افراد اسے اپنی روزمرہ کی سلاد میں ضرور شامل کریں اور کوشش کریں کہ اسے کچا کھائیں تاکہ اس سے بھرپور غذائیت حاصل کرسکیں، جسم میں آئرن کی کمی والے افراد اسے کھا سکتے ہیں کیونکہ اس میں موجود وٹامن سی ان کے جسم میں آئرن کو جذب کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

وزن کم کرنے میں مفید

وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد چقندر کو اپنی غذا کا لازمی حصہ بنائیں کیونکہ اس میں کیلوریز کی بہت کم مقدار پائی جاتی ہے جو وزن کو برقرار یا اسے کم کرنے میں مفید ہے۔ گہرے رنگ والے پھل اور سبزیاں ہمیشہ کچی کھائیں کیونکہ ان میں اینٹی آکسیڈینٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ انہیں پکانے یا زیادہ ابالنے سے بھی گریز کریں ورنہ ان میں موجود بہت سے غذائی اجزاء ضائع ہوجائیں گے۔

زہریلے مادوں کا اخراج

انسانی جسم کو مسلسل آلودگی، بیکٹیریا اور دیگر ٹاکسنز کا سامنا رہتا ہے جنہیں جسم سے نکالنے کے لئے جگر میں ایک قدرتی نظام موجود ہے۔ چقندر اس نظام کو تقویت بخشتا ہے اور جسم سے ان زہریلے مادوں کو نکالنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

قبض سے نجات

چقندر کو سلاد کی طرح یا پکا کرروزانہ کھایا جائے توقبض نہیں رہتا، جو لوگ پرانے قبض کا شکار ہوں انہیں چاہئے کہ روزانہ رات کو سوتے وقت چقندر کا جوشاندہ ایک گلاس ضرور پی کر سوئیں، اس میں فائبر کی بھرپور مقدار کی وجہ سے ان کا قبض ہمیشہ کیلئے جاتا رہے گا۔