پاکستان کے ڈیفالٹ کا قطعی کوئی خطرہ نہیں ‘ وفاقی وزیر خزانہ

لاہور:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا قطعی کوئی خطرہ نہیں اور یہ صرف چند ناقدین کا خواب ہی رہ جائے گا۔ملک کی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز  پہلے کبھی نہیں آئے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں پوری اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے بھر پورکوششیں کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے ساتھ ساتھ سمیت دیگر شعبوں میں بھی استحکام آرہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے سابق ادوار میں مہنگائی کی شرح کم تھی، جی ڈی پی گروتھ بہتر تھی اور پاکستان معاشی طور پرایک مضبوط ملک بن کا ابھر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی مسلم لیگ(ن)ملک میں معاشی بحران ختم کرکے معاشی استحکام کے لئے پرعزم ہے۔

 گورنر پنجاب نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو حالیہ کامیاب بیرونی دوروں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بیرونی دوروں میں پوری دنیا نے جس طرح پاکستانی عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے وہ موجودہ حکومت کی شفافیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

گورنر پنجاب نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کوششوں کو سراہا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پوری اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

 آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ ملک کی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز  پہلے کبھی نہیں آئے۔ لیکن اس کے باوجود ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا قطعی کوئی خطرہ نہیں اور یہ صرف چند ناقدین کا خواب ہی رہ جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں میں پنجاب کی صورتحال خصوصاً پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔