لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگرا ن وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیے جانے کے فیصلے اور خیبرپختونخوا اورپنجاب میں انتخابات کی تاحال تاریخ نہ دینے کیخلاف منگل کو احتجاج کا اعلان کردیا جبکہ پی ٹی آئی تقرری کیخلاف عدالت بھی جائے گی۔
عمران خان کا کہنا ہے محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے،محسن نقوی پی ٹی آئی کا بدترین دشمن ہے، میری حکومت گرانے کی سب سے زیادہ کوشش کی، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹس کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کرینگے۔
یہ تب الیکشن کرائیں گے جب انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا ہوگا، ہمارے جمہوریت کے معیار اتنے گرگئے کہ کسی کو اعتماد ہی نہیں کہ حکومت شفاف انتخابات کراسکتی ہے،صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔
لاہور میں بذریعہ ویڈیولنک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں،منگل سے مظاہرے شروع کررہے ہیں۔
کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج کریں گے، عمران خان نے کہا کہ موجودہ بددیانت الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا، الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ پی ٹی آئی کے خلاف آتا ہے، محسن نقوی نے میری حکومت گرانے کی سب سے زیادہ کوشش کی، آصف زرداری کہتا تھا محسن نقوی میرا بیٹاہے آگے خود دیکھ لیں اس کا کردار کیا ہوگا۔
محسن نقوی نے میری حکومت کے خلاف سب سے زیادہ سازش کی، 2008 میں محسن نقوی نے 35 لاکھ روپے نیب کو واپس کیے۔ عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی کے چینل پر پی ٹی آئی کے خلاف پروپیگنڈا چلتا ہے۔
محسن نقوی پی ٹی آئی کا بدترین دشمن ہے، محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے۔
سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کیا تو کہتے ہیں کہ سیکرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔۔