سعودی عرب نے سوشل میڈیا پر نماز، جمعہ خطبات نشر کرنے پرپابندی عائد کردی

ریاض: سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور کے ترجمان عبداللہ العنزی نے کہا ہے کہ وزارت نے سوشل میڈیا پر نماز اور جمعہ خطبات نشر کرنے پرپابندی عائد کردی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں بیرونی لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور اقامت کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ 

ٹیلی فون پر انٹرویو میں سعودی مذہبی امور کے ترجمان نے وضاحت کی سوشل میڈیا کی اپنی اہمیت ہے مگر اس پر جو کچھ نشر کیا جاتا ہے مواد پر پلیٹ فارم کو کنٹرول نہیں ہوسکتا۔

اس طرح بعض اوقات سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ مواد اسلام کی دعوت اور مساجد کے پیغام کو نقصان پہنچاتا ہے۔

العنزی نے مزید کہا کہ وزارت مذہبی امور نے سوشل میڈیا کے ذریعے نشریات پر پابندی لگا دی ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی ایسا مواد جو غلط ہو اور اللہ تعالی کی دعوت کو نقصان پہنچا سکتا ہو اس سے بچا جا سکے۔

العنزی نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں بیرونی لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے بارے میں افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ حکومت کی طرف سے مساجد کے بیرونی لاڈ اسپیکروں کو صرف اذان اور اقامت کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہے۔