حیات آباد میں جنرل ہسپتال کے قیام کا فیصلہ

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور نے یونیورسٹی کے ماتحت حیات آباد میں جنرل ہسپتال کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔

یہ ہسپتال ابتدائی طور پر تین سو بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہاں ایمرجنسی، ریڈیالوجی اورپیتھالوجی سمیت تمام شعبوں میں طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی سربراہی میں ہونے والے ایچ او ڈیزکے14 ویں اجلاس میں کیا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اجلاس کو بتایا کہ یونیورسٹی کے تحت بنائے جانے والے جنرل ہسپتال میں تمام جدید طبی سہولیات دستیاب ہونگی۔


انہوں کہا کہ یہ ایک جدید اور ماڈل تدریسی ہسپتال ہوگا جہاں نہ صرف کے ایم یو کے مختلف شعبوں کے ہزاروں طلباء و طالبات کی عملی تربیت کا فریضہ انجام دیاجائے گا بلکہ اس سے صوبے اورپڑوسی برادر ملک افغانستان کے لوگوں کو مختلف شعبوں میں تشخیص اورعلاج معالجے کی سہولیات بھی سبسیڈائزڈ نرخوں پر دستیاب ہونگی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ہسپتال ایک خود مختار پیشہ وارانہ انتظامی بورڈ کے تحت چلایا جائے گا جبکہ اسکی مجموعی نگرانی یونیورسٹی سینڈیکیٹ کرے گا۔


اجلاس میں مجوزہ ہسپتال کا ورکنگ پیپر جلد از جلد بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی بنائی گئی جب کہ اس ضمن میں ایچ ای سی سے ضروری منظوری لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں امتحانی نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ بنانے کے حوالے سے ڈیمانسٹریشن پیش کی گئی اور تما م سطحات کے امتحانات کو ڈیجیٹلائز بنانے کے لیئے جلد از جلد تمام ضروری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔