عمران خان سے ملاقات: بشریٰ بی بی اٹک جیل پہنچ گئیں

توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے انکی اہلیہ بشری بی بی اٹک جیل پہنچ گئیں ہیں۔

پی ٹی آئی وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ ملاقات کے لیے ہائی کورٹ اسلام آباد نے اجازت دی ہے، بشری کی جیل آمد پراٹک جیل کے باہر پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے ہائی الرٹ کردئیے گئے۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے بشری بی بی کے ہمراہ وکلاء کی ٹیم بھی موجود ہے۔ بشری بی بی کو پولیس ناکے سے جیل کی طرف جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورنے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو 3 سال قید اورایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے سابق وزیراعظم کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔